بنٹوال 22؍اپریل (ایس او نیوز)بنٹوال تعلقہ کے ویرکمبا نامی دیہات میں الیکٹرک پول پر چڑھ کر لائن درست کرنے کے دوران شاک لگنے سے الیکٹریشین ہلاک ہوجانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
اس دردناک حادثے کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ سریش پجاری (۲۹ سال) الیکٹریکل کنٹراکٹر نے ایک نیا مکان کرایہ پر لیا تھا۔ اور ایک دن بعد اس میں منتقل ہونے والا تھا۔ کھمبے سے گھر کی طرف آنے والی سروس لائن میں کوئی خرابی کو محسوس کرتے ہوئے اس نے خود ہی کھمبے پر چڑھ کر اسے درست کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران سروس لائن ،حادثاتی طور پر ہائی ٹینشن لائن کے رابطے میں آئی۔اور سریش کو زبردست الیکٹرک شاک لگا جس کے نتیجے میں وہ کھمبے سے نیچے گر پڑا۔ کہتے ہیں کہ کافی دیر تک وہ زمین پر بے حس پڑا رہا۔ کسی نے بھی آگے بڑھ کر اسے اسپتال لے جانے کی کوشش نہیں کی۔ پھر کچھ وقفے کے بعد ایک ڈرائیور نے اسے اسپتال پہنچانے کی ہمت کی مگر وہ اس سے پہلے ہی فوت ہوچکا تھا۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ سریش کی شادی ایک سال پہلے ہوئی تھی اور اس کی بیوی اپنے گھر پر بچے کی پیدائش کی تیاریاں کررہی تھی جو چند دنوں میں متوقع ہے۔ اس حادثہ سے اس کی بیوی شدید صدمے کا شکار ہوگئی ہے۔وٹھل پولیس اور منگلوروالیکٹرک سپلائی کمپنی کے افسران نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا۔ پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔